بھارت میں بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں آتشزدگی، 4 نومولود جاں بحق

بھوپال: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک اسپتال کے بچوں کے وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 4 نومولود خالق حقیقی سے جا ملے اور کئی معصوم جھلس کر زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھوپال کے کملا نہرو اسپتال کی تیسری منزل میں بچوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں آتشزدگی سے 4 بچے بری طرح جھلس کر ہلاک اور 5 سے زائد معصوم بچے زخمی ہوگئے۔آگ لگتے ہی وارڈ میں ہر طرف دھواں پھیل گیا جس کی وجہ سے کئی بچے سانس لینے میں دقت کے باعث بے ہوش ہوگئے۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تاہم مکمل تفتیش کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جا سکتا ہے۔ عملے کا بیان ریکارڈ کرکے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے افسوسناک واقعے میں ہلاک ہونے والوں بچوں کے لواحقین کے لیے فی کس 4 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ 6 نومبر کو مہاراشٹرا میں ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں آتشزدگی سے 11 مریض ہلاک جب کہ اس سے پہلے ممبئی کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے کورونا کے 13 مریض جل کر ہلاک ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں