بزرگان دین نے اپنے اخلاق سے لوگوں کو متاثر کیا اور بھائی چارے کا درس دیا: وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بزرگان دین نے اپنے کردار اور اخلاق سے لوگوں کو متاثر کیا اور بھائی چارے کا درس دیا۔ سردار عثمان بزدار نے راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن کا دورہ کیا اور معروف بزرگ خواجہ غلام فریدؒ کے دربار پر حاضری دی، وزیر اعلیٰ نے خواجہ غلام فرید ؒ کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دربار پر فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی اور دربار خواجہ غلام فریدؒ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دربار خواجہ غلام فریدؒ میں زائرین کیلئے سہولتوں کی فراہمی پر 7 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ نے دربار خواجہ غلام فریدؒ کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار کو دربار خواجہ غلام فریدؒ کے اپ گریڈیشن کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ نے دربار خواجہ غلام فریدؒ کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے کاموں کا معائنہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ دربار خواجہ غلام فریدؒ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کی مانیٹرنگ کی جائے گی، جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار کو اصل حالت میں محفوظ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دربار پر زائرین کی آرام گاہ و دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، دربار کی اپ گریڈیشن میں مجلس خانہ و عمارت کی مکمل تزئین و آرائش کے علاوہ لائبریری کا قیام، وضو گاہ کی تعمیر، دربار کے مغربی داخلی راستوں اور صحن کی توسیع شامل ہیں۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خواجہ غلام فریدؒ نے امن اور سلامتی کے پیغام کو پھیلایا۔ موجودہ صورتحال میں خواجہ غلام فریدؒ کے پیغام کو پھیلانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ بزرگان دین نے اپنے کردار اور اخلاق سے لوگوں کو متاثر کیا اور بھائی چارے کا درس دیا۔

وزیر اعلیٰ نے خواجہ غلام فریدؒ کے دربار پر محفل سماع میں شرکت کی، معروف قوال نے محفل سماع میں عارفانہ و صوفیانہ کلام پیش کیا، عثمان بزدار اور حاضرین نے فن قوالی کے دل موہ لینے والے انداز کو سراہا۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محفل سماع صوفیا کرام کی قدیم روایت ہے۔پاکستانی قوالوں نے فن قوالی سے دنیا بھر میں وطنِ عزیز کا نام روشن کیا ہے، وزیر اعلیٰ کو اجرک، فریدی ٹوپی اور جبہ پہنایا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو خواجہ عامر فرید کوریجہ نے تصنیف ”دیوان فرید” پیش کی، خواجہ معین الدین کوریجہ نے دعا کروائی۔ مشیر حنیف پتافی، ایم پی اے خرم خان لغاری، سجادہ نشین دربار فرید خواجہ معین الدین کوریجہ اور دیگر مشائخ و عظام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں