بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار قادر خان علالت کے باعث وینٹی لیٹر پرمنتقل

رسائی نیوز ویب ڈیسک:بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار قادر خان گزشتہ کئی برس سے بیمارہیں تاہم ان دنوں ان کی حالت بہت زیادہ بگڑ گئی ہے اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ قادر خان کو سانس لینے میں دشواری کاسامنا ہے جس کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔قادر خان گزشتہ کئی برس سے اپنے بیٹے سرفراز اوربہو کے ساتھ کینیڈا میں رہ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق قادرخان نے بیماری کے باعث بات چیت کرنا بند کردی ہے جب کہ ان میں نمونیا کی علامات بھی ظاہر ہورہی ہیں۔قادرخان کے بیٹے سرفرازنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے والد کو چلنے میں مشکل پیش آتی تھی وہ چلنے میں ڈرتے تھے کہ گرجائیں گے، گزشتہ برس ان کے گٹھنے کا بھی آپریشن ہوا تھا لیکن آپریشن کے بعد بھی ان کے والد نے چلنے سے انکارکردیا تھا اس کے بعد سے ہی ان کی حالت خراب ہوتی چلی گئی۔ سرفراز نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے والد جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔یاد رہے کہ 81 سالہ اداکار قادر خان نے اپنے 43 سالہ بالی ووڈ کیریئر میں 300 فلموں میں کام کیا ہے اور250 فلموں میں مکالمے لکھے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ منفی کردار بھی بخوبی نبھائے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں