اپوزیشن کی خواہش ہے کہ مہنگائی کو ایشو بنا کر عوام کو سڑکوں پر لایا جائے،وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کا اصل مقصد عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینا ہے۔شاہ محمودقریشی

ملتان۔: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس شور مچانے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔ اپوزیشن کی خواہش ہے کہ مہنگائی کو ایشو بنا کر عوام کو سڑکوں پر لایا جائے۔ بیڈ گورننس ‘ کرپشن اور انتقامی سیاست کا سیاہ باب ختم اور ملکی ترقی و وقار کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ جو اپوزیشن کے جلسوں و احتجاج سے نہیں رک سکتا۔اس کے برعکس حکومت کے پاس عوامی ترقی کا ایک بہت بڑا ایجنڈا ہے۔ وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کا اصل مقصد عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینا اور عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیاءخوردونوش فراہم کرنا ہے۔ اس سے عوام کی ایک بہت بڑی تعداد مستفید ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری ‘ صو بائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی و پی ٹی آئی کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن بتائے اس نے گزشتہ تیس برس میں عوام کو کونسا ریلیف فراہم کیا۔مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔جس پر قابو پانے کیلئے کام کررہے ہیں اور بہت جلد حالات بہتر ہونگے۔ اندرون و بیرون ملک بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ خلوص نیت ‘ ایمانداری اور دیانتداری سے ملک کی خدمت کے جذبے کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش ہے کہ مہنگائی کو ایشو بنا کر عوام کو سڑکوں پر لایا جائے۔ عوام اپوزیشن کی چالوں کو خوب سمجھتے ہیں۔ عوام اب خالی نعروں پر یقین نہیں رکھتی، اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا،لوگوں نے اپوزیشن کے احتجاجی جلسوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ ادوار کی بدترین معاشی پالیسیوں کے نتائج قوم اب بھگت رہی ہے۔ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت برآمدات، محصولات، زراعت اور صنعت میں نمو سمیت پاکستان کے تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں۔ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کررہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ دورہ سندھ کامیاب رہا۔

اندرون سندھ تحریک انصاف کے جلسے میں عوام کی بھر پور شرکت نے ثابت کیا کہ سندھ کے عوام اب زرداری پارٹی سے تھک چکے ہیں تبدیلی چاہتے ہیں اور وہ عمران خان کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ 2023ءمیں سندھ میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ این اے 156 میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبو ںپر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقہ کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے کررہے ہیں ۔ 5 سال مکمل کرنے کے بعد اپنے تکمیل شدہ منصوبوں کو عوام کی عدالت میں پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ این اے 156 کو ملتان کا مثالی حلقہ بنائیں گے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل 19‘21میں مختلف مقامات پر ٹف ٹائلز ‘ سیوریج اور سڑکوں کی مرمت و تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر معززین علاقہ کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اہلیان علاقہ نے ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا‘ اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں