انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ایک نظریہ کا نام ، اس سے جڑے نوجوان ہماری پہچا ن ہیں،وزیرمملکت فرخ حبیب کا یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب

لاہور۔: وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے اقتدار میں لوٹ مار کی، نوجوان کرپشن کے خلاف حکومت کا ساتھ دیں، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن ایک نظریہ کا نام ہے اور اس سے جڑے نوجوان ہماری پہچا ن ہیں، عمران خان کا وژن نوجوانوں کو موقع فراہم کرنا ہے جبکہ آئی ایس ایف ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، وزیراعظم کی کامیابی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے ۔

وہ گورنر ہائوس لاہور میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی اس موقع پر موجود تھے ۔فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کیلئے کامیاب جوان پروگرام لے کر آئی،طلبا یونین سے پہلے طلبا سیاست نظریات پر نہیں چلتی تھی جبکہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کی بنیاد نظریے پر رکھی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے لوٹ مار کی جو کہ سب کے سامنے ہے جوکہتے تھے کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی ان کے اربوں روپے کے جعلی اکائونٹس اور ٹی ٹیاں نکل آئیں، نواز شریف کو کرپشن پر سزا ہوئی وہ بیماریوں کے پیچھے بیرون ملک چھپے بیٹھے ہیں جبکہ سابق حکمرانوں نے اقتدار میں آ کر لوٹ مار کی۔فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خا ن کے وژن کے مطابق نوجوان آج اسمبلی کا حصہ ہیں اور قومی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ہمارا جہاد جاری ہے جس پر آپ جیسے نوجوانوں نے پہرا دینا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ انتخابات میں ایک کروڑ 70 لاکھ ووٹوں کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ لوگ تبدیلی کے خواہش مند تھے ۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے،احساس پروگرام اور سکالر شپ پروگرام کے تحت ملک کے طول وعرض میں ریلیف دیا جا رہا ہے جبکہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کی بنیادی سہولتوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں بالخصوص آئی ایس ایف کی جدوجہد کی وجہ سے عمران خان وزیراعظم بنے،

مجھے تحریک انصاف میں لانے کی بڑی وجہ کے پی کے میں لوکل باڈی کا نظام تھا،پنجاب میں لوگوں نے دیکھا کہ کے پی کے میں کیسے ڈیلیور کیا گیا ،جب تک ایمانداری سے اپنا محاسبہ نہیں کریں گے آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کاورکر بلائنڈ سپورٹرنہیں ہے۔بعدازاں وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے طلبا قیادت میں شیلڈز تقسیم کیں اور یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں