امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں : وائٹ ہائوس

رسائی نیوزویب ڈیسک:اپوزیشن کی جانب سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کی منظوری نہ دینے پر نالاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حکومتی شٹ ڈاؤن کے بعد اب ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میکسیکو کی سرحدی دیوار کی فنڈنگ کے معاملے پر ایمرجنسی کا اعلان کرنے والے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ حکومتی شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کے لیے بارڈر سیکیورٹی کے بل پر تو دستخط کر دیں گے تاہم اپنے مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وہ کانگریس کی منظوری کے بغیر دیوار کی تعمیر کے لیے فوجی فنڈز کا استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یاد رہے ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کی مہم میں میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کا وعدہ کیا تھا تاہم وہ اب تک اس دیوار کے لیے فنڈ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ سینئر ڈیموکریٹس نے امریکی صدر کے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ طاقت کا ناجائز استعمال کررہے ہیں۔ کانگرس کی جانب سے منظور شدہ بل امریکی صدر کے دیوار کی فنڈنگ سے متعلق مطالبات کو پورا نہیں کرتا تاہم اب اس کو قانون بنانے کے لیے صدر ٹرمپ کے دستخط ہونا باقی ہیں۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ واضح کرچکے ہیں کہ وہ کانگریس کی منظوری کے بغیر امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے قومی ہنگامی صورت حال کا اعلان کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں