امارات کے خلائی مشن امیدِتحقیق نے مریخ کی سطح کی بالکل شفاف تصویربنالی

متحدہ عرب امارات کے خلائی مشن امیدِتحقیق نے مریخ کی سطح کی بالکل شفاف تصویر بنا کر زمین پر روانہ کردی ہے ،یہ تصویرسرخ سیارے کی سطح سے 1325کلومیٹر اونچائی سے بنائی گئی ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق یو اے ای کے مریخ پر جانے والے خلائی مشن امید تحقیق نے اس سال 15 مارچ کو یہ تصویر بنائی تھی اور مشن نے اپنے سرکاری ٹویٹراکاﺅنٹ پر گزشتہ روز یہ تصویر جاری کی ۔اس کے بعد سے ہزاروں لوگوں نے اس کو لائیک اور شیئر کیا ہے،اس تصویر میں اس سیارے کے آتش فشانی علاقے ایلزیم پلانیشیا کواجاگر کیا گیا ہے۔یو اے ای کا خلائی مشن 9 فروری کو مریخ کے مدار میں داخل ہوا تھا۔امید تحقیق نے اب تک اس سیارے کے ماحول اور مختلف پرتوں کے بارے میں اہم تصویری معلومات فراہم کی ہیں۔اس نے عکس بندی کے لیے انفراریڈ اور الٹرا وائِلٹ کیمروں کا استعمال کیا ہے۔اس مشن کا مقصد مریخ کی سطح پر موجود برف کی گہرائی ،کاربن مونو آکسائیڈ اور آکسیجن کی سطح کی پیمائش ہے۔اس کے علاوہ گرد ، برفانی دھویں ، درجہ حرارت اور کم درجہ حرارت میں آبی بخارات کی جانچ کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں