اقوام متحدہ کے سربراہ کا ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کی جانب پیش رفت پر زور

جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جاپانی شہر ہیروشیما پر ایٹم بمباری کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کی طرف پیش رفت پر زور دیا ہے۔

چینی خبررساں ادارے کے مطابق انتونیو گوتریس نے ہیروشیما پر ایٹم بمباری کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے حوالے سے جاری اپنے وڈیو پیغام میں کہا ہےکہ میں ایٹمی آزاد دنیا کے ہدف کی طرف پیش رفت نہ ہونے پر شدید تشویش میں مبتلا ہوں کیونکہ جوہری ہتھیاروں پر قبضہ کرنے والی ریاستیں حالیہ برسوں میں اپنے ہتھیاروں کو جدید بنارہی ہیں ، جس سے اسلحے کی ایک نئی دوڑ شروع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ان تمام ریاستوں سے کہتا ہوں جو ایٹمی ہتھیار رکھتے ہیں ، انفرادی طور پر اور مشترکہ طور پر خطرے میں کمی کے اقدامات کو اپنائیں کیونکہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف واحد ضمانت ان کا مکمل خاتمہ ہے۔واضح رہے کہ امریکا نے 6 اگست 1945 کو جاپان کے شہر ہیروشیما پر ایٹم بم گرایا تھا اور اس کے 3 دن بعد ناگا ساکی پر دوسرا ایٹم بم گرایا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں