افغان عوام کیلئے ضروری اشیا ءخوردونوش، ہنگامی طبی آلات اور سردی سے بچنے کیلئے سامان بھجوا رہے ہیں، عالمی برادری بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

اسلام آباد۔: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں افغان عوام کا ساتھ دیا ہے، عالمی برداری افغان عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، افغان عوام کی انسانی بنیادوں پر ہر ممکن امداد جاری رکھیں گے۔

جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور ان کے وفد کو یقین دلایا ہے کہ ہم افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تمام ممکن امداد فراہم کریں گے اور افغان عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضروری اشیا ءخوردونوش، ہنگامی طبی آلات اور سردی سے بچنے کیلئے سامان بھجوا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سفر کرنے والے تمام افغان شہریوں کو کووڈ۔19 ویکسین مفت فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ افغانستان کے عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران سے بچنے کیلئے اپنی اجتماعی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں