افغانستان میں طالبان کا پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ، 8 اہلکار ہلاک

افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں موٹر سائیکل سوار طالبان جنگجوؤں نے دو مختلف پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 8 پوليس اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

صوبائی کونسل کے رکن داد اللہ قانی نے میڈیا کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب طالبان نے صوبہ فراہ کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے تاہم اس جھڑپ میں 8 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

واضح رہے کہ پير اور منگل کی درمیانی شب بھی طالبان نے فراہ صوبے میں واقع افغان فوجی اڈے پر حملہ کرکے 20 اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا اور 20 اہلکاورں کو اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں