ابراہیم رئیسی منگل کوایران کے 13 ویں صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

تہران۔:ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی 3اگست کوملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ایران کی سرکار ی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری کا انعقاد صحت کے قواعد کے ساتھ کیا جائے گا جبکہ یہ تقریب ایرانی ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر کی جائے گی ۔

اس تقریب میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای خصوصی طور پرشرکت کریں گے ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ عبدلارزاق رحمانی صدارتی انتخابات کے عمل کی رپورٹ پیش کریں گے جس کے بعد نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی اور سپریم لیڈر اپنی اپنی تقاریر کریں گے۔

واضح رہے کہ ایران کے 13 ویں صدارتی انتخابات 18 جون کو منعقد ہوئے تھےجس میں ابراہیم رئیسی ایک کروڑ 79 لاکھ 26 ہزار 345 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں