آئی ایم ایف نے کورونا وائرس سے متاثرہ عالمی معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے 650 ارب ڈالرکے ایس ڈی آرز کی منظوری دے دی

واشنگٹن۔: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے کورونا وائرس کے تناظر میں عالمی معاشی سرگرمیوں میں معاونت کرنے کے لیے 650 ارب ڈالر کے خصوصی فنڈ کے اجرا ( ایس ڈی آرز)کی منظوری دے دی۔ تاس نیوز نے آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ سپیشل ڈارائنگ رائٹس کی منظوری ادارے کے بورڈ آف گورنرز نے دی، اس کا مقصد کورونا وائرس سے متاثرہ عالمی معیشتوں کو اقتصادی و معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے سرمایہ فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ ادارے کی جانب سے اپنی تاریخ میں سپیشل ڈرائنگ رائٹس کی سب سے بڑی تخصیص ہے جو بے مثال بحران کی شکار عالمی معیشت کے لیے سود مند ثابت ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ان فنڈز کی تقسیم “تمام اراکین کو فائدہ پہنچائے گی ، ذخائر کی طویل مدتی عالمی ضرورت کو حل کرے گی، اعتماد پیدا کرے گی اور عالمی معیشت کے لچک اور استحکام کو فروغ دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ 23 اگست کو موثر ہو جائے گا،

نئے ایس ڈی آرزآئی ایم ایف کے رکن ممالک کو فنڈ میں ان کے موجودہ کوٹے کے تناسب سے فراہم کیےجائیں گے اور ایک ہی وقت میں تقریباً 275 ارب ڈالر کم آمدنی والے ملکوں سمیت ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور ترقی پذیر ممالک کو دستیاب ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں